حافظ آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے ذیلی یونٹ کا قیام — مقامی سطح پر صحافتی استحکام کی جانب اہم قدم
حافظ آباد، 3 نومبر 2025:
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) نے حافظ آباد میں اپنے ذیلی یونٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر ایک تقریب پریس کلب حافظ آباد میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے قائم مقام صدر ملک توصیف احمد نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں صدر پریس کلب حافظ آباد چوہدری جاوید اسد اور نائب صدر سید ظہیر عباس شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ملک توصیف احمد کو پریس کلب کی سرکاری عمارت، کانفرنس روم اور سیمینار ہال کا دورہ کروایا۔اس موقع پر صدر پریس کلب چوہدری جاوید اسد نے کہا کہ پی ایف یو جے (ورکرز) کا حافظ آباد میں یونٹ قائم ہونا کارکن صحافیوں کے اتحاد اور ان کے مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔قائم مقام صدر پی ایف یو جے (ورکرز) ملک توصیف احمد نے کہا کہ تنظیم کا مقصد کارکن صحافیوں کو منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا، لائف انشورنس، سروس سیکیورٹی، اور پیشہ ورانہ تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کی ترجیح مقامی سطح پر میڈیا ورکرز کی نمائندگی کو مضبوط بنانا اور آزادیِ اظہار و صحافت کے اصولوں کی پاسداری ہے۔انہوں نے پریس کلب کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حافظ آباد کے صحافیوں کی پیشہ ورانہ وابستگی قابلِ تحسین ہے، اور توقع ظاہر کی کہ نو قائم شدہ یونٹ مقامی سطح پر صحافتی یکجہتی اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نائب صدر حافظ آباد پریس کلب سید ظہیر عباس شاہ کو صدر ایچ یو جے ورکرز،جنرل سیکرٹری خالد محمود بھٹی نائب صدر ، رانا محمداصغر،جوائنٹ سیکرٹری ، سید عامر شاہ،اسسٹنٹ سیکرٹری، محسن علی بھٹی،فنانس سیکرٹری بدرمنیرکھوکھر اور انفارمیشن سیکرٹری چمن عباس کا انتخاب کیا گیا ۔ تقریب کے اختتام پر نو منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پی ایف یو جے (ورکرز) کے مشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پیشہ ورانہ معیار کی بہتری کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔
رابطہ:
دفتر ترجمان
حافظ آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز)
