تنظیمی امور پر مشاورت، نیو یارک پریس کلب سے بین الاقوامی ممبرشپ پر خراجِ تحسین
فیصل آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے مرکزی عہدیداران ملک توصیف احمد اور فنانس سیکرٹری سید بلال عزت نقوی فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ورکرز و صدر فیصل آباد پریس کلب شاہد علی کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پی ایف یو جے ورکرز کی آئندہ سرگرمیوں کو مزید منظم اور مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ ملک بھر کے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کو تقویت ملے۔اس موقع پر شاہد علی نے فیصل آباد پریس کلب کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کی صدارت کے دوران فیصل آباد پریس کلب نے نیو یارک پریس کلب کے ریسی پروکل ممبر کے طور پر تسلیم حاصل کیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں فیصل آباد پریس کلب کے ممبران بین الاقوامی سطح پر نئے روابط قائم کر سکتے ہیں اور تربیتی و ورکشاپ مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ بارہ سال سے شاہد علی گروپ برسراقتدار ہے اور سات بار وہ صدر فیصل آباد پریس کلب رہے ہیں۔ ان کی صحافی برادری کے لیے خدمات اتنی نمایاں اور قابل قدر رہی ہیں کہ صحافیوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ فیصل آباد میں ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے 2021 میں پہلی بار ملک بھر کے صحافیوں نے انہیں پی ایف یو جے ورکرز کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا۔ملک توصیف احمد اور سید بلال عزت نقوی نے اس تاریخی پیش رفت پر شاہد علی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف فیصل آباد بلکہ پورے پاکستان کی صحافتی برادری کے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پریس کلبز کے مابین بین الاقوامی سطح پر مزید اشتراک عمل بڑھانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔اس موقع پر فیصل آباد پریس کلب و دیگر شہروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
