اسلام علیکم،
میں ملک توصیف احمد، قائم مقام صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز، اپنے تمام صحافی ساتھیوں سے مخاطب ہوں۔
ہم سب ایک ایسے پیشے سے وابستہ ہیں جو محض خبر کی ترسیل نہیں بلکہ سماجی شعور، عوامی نمائندگی اور جمہوریت کے استحکام کی علامت ہے۔ آج پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کا ہر رکن صحافی کسی ایک شہر یا ادارے کا نمائندہ نہیں رہا — وہ اب ایک ملک گیر آواز، ایک بیدار تحریک اور قومی ضمیر کی صورت اختیار کر چکا ہے۔اس بدلتے منظرنامے میں ضروری ہے کہ ہم اپنی تنظیمی صفوں میں مکمل اتحاد، نظم و ضبط اور مرکزیت قائم رکھیں۔ ہماری طاقت ہماری صفوں کی یکجہتی میں ہے۔ اس لیے تنظیمی سطح پر صرف وہ ہدایات معتبر ہوں گی جو مرکزی دفتر سے، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ورکرز جناب شاہد علی صاحب کے دستخط سے، تنظیمی لیٹر پیڈ پر جاری کی جائیں۔ کسی بھی فرد یا گروہ کے غیر مصدقہ بیانات تنظیمی پالیسی نہیں سمجھے جائیں گے۔پی ایف یو جے ورکرز اب ایک فعال، منظم اور باوقار ملک گیر ادارہ ہے۔ اس کے ہر رکن پر لازم ہے کہ ذاتی پسند، علاقائی وابستگی یا گروہی مفاد سے بالاتر ہو کر تنظیمی فیصلوں کی پاسداری کرے۔ یاد رکھیں، ہم سب مل کر اس تحریک کا حصہ ہیں جو آزادیِ صحافت اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔اختلافِ رائے جمہوری حق ہے، مگر اختلاف کو افتراق میں بدلنا تنظیمی نقصان کا باعث بنتا ہے۔ ہم سب کو مل کر وہ فضا قائم رکھنی ہے جہاں احترام، مشاورت اور اجتماعی فیصلہ سازی کو فوقیت حاصل ہو۔ تنظیم ان اراکین کے ساتھ کھڑی ہے جو آئین، ڈسپلن اور اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں.میری تمام اراکین سے گزارش ہے کہ وہ اتحاد اور مرکزیت کو اپنی پہچان بنائیں۔ یہ وقت ذاتی یا علاقائی سوچ سے بلند ہو کر قومی سطح پر ایک متحرک، منظم اور مضبوط صحافتی پلیٹ فارم کے طور پر ابھرنے کا ہے۔ہم اب صرف رپورٹر نہیں رہے — ہم قوم کی آنکھ، اس کا شعور اور اس کی اجتماعی آواز ہیں۔
آئیں، اس آواز کو متحد رکھیں، مضبوط کریں اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک باوقار صحافتی مستقبل کی بنیاد رکھیں۔
ملک توصیف احمد
قائم مقام صدر
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز
